لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ایک مرتبہ پھر حکومت سے فیول مارجن میں فوری اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر مارجن نہ بڑھایا گیا تو پٹرول پمپس کی بقا خطرے میں پڑسکتی ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد السمیع خان نے واضح کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ ہونے والے اضافے کے باعث پٹرولیم ڈیلرز کی کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے مگر اس کے برعکس مقامی سطح پر قیمتوں میں اضافہ کیاجارہا۔ان کا کہنا تھا موجودہ صورتحال میں فی لٹر مارجن میں اضافہ کیے بغیر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں ،انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزارت پٹرولیم کی جانب سے کئی بار یقین دہانیاں کرائی گئیں مگر تاحال نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔دوسری جانب ملک بھر کے پٹرولیم ڈیلرز کی نمائندہ تنظیم پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے19 جولائی کو ہونے والی ہڑتال کو وقت کی ضرورت قرار دیا، تاہم عبد السمیع خان نے اس دن پٹرول پمپس کی بندش سے متعلق واضح طور پر نفی کردی۔