مارجن کم کریں ورنہ پمپ بند کردینگے‘پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا

 اگست صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت تک پیٹرول پمپ بند کر دیں گے‘مطالبات تسلیم کرنے تک نہیں کھولیں گے:چیئرمین ڈیلرز ایسوسی ایشن
 حکومت سے مذاکرات ناکام، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری،سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھنے کاخدشہ
کراچی(آئی این پی )  ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے پہیہ جام ہڑتال کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک خدا بخش نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 15 اگست صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت تک پیٹرول پمپ بند کر دیں گے، پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا، حکومت نے مطالبات نہیں مانے تو پیٹرول پمپس پر کاروبار جاری نہیں رکھ سکیں گے، ڈیلرز نے پیٹرول پر مارجن 8 فیصد ڈیمانڈ کیا ہے۔ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، 14 ہزار ممبرز کا ہم پر دبا ہے، اس وقت تک پیٹرول پمپس نہیں کھولیں گے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے۔دریں اثناء آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ہڑتال منگل کو  چوتھے روز بھی جاری  رہی جس کی وجہ سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔