وفاقی وزیر تجارت کی کینیا کے ہائی کمشنر سے ملاقات، دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر تجارت کی کینیا کے ہائی کمشنر سے ملاقات، دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی کینیا کے ہائی کمشنر سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

 ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر زراعت، دوا سازی، سیمنٹ اور ماربل جیسے شعبوں میں۔پاکستان کینیا سے چائے کا بڑا درآمد کنندہ ہے، اور کینیا نے پاکستان کو اپنی افریقی مصنوعات کی مارکیٹ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے کینیا کو ہمالیائی گلابی نمک، ماربل اور سیمنٹ جیسے اہم شعبوں میں اپنے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ دونوں ممالک نے مشرقی افریقا کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے معاہدے پر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔جام کمال خان نے پاکستان میں مشرقی افریقی تجارت پر خصوصی کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی، اور سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے صنعتی دوروں کی بھی تجویز دی تاکہ دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا، مشرقی افریقا اور پاکستان کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ضروری ہے، اور پاکستانی نجی کمپنیاں کینیا کے پاور سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر سکتی ہیں۔ پاکستان مشرقی افریقی ممالک اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارتی پل کے طور پر کام کر سکتا ہے۔کینیا کے میگا پروجیکٹس میں سیمنٹ اور اسٹیل کی فراہمی پر بھی بات ہوئی، اور دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ کینیا کے ہائی کمشنر نے پاکستان کے فعال کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "آپ نے دروازہ کھول دیا، اس سے پہلے کہ ہم دستک دیتے۔"یہ ملاقات دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اور مستقبل میں ان کے تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔