وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اٹلی کی سفیر ماریلنا ارمیلن سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران، وزیراعلیٰ نے اٹلی کو چکوال میں زیتون کی کاشت بڑھانے کی پیشکش کی اور پنجاب میں لائیو سٹاک اور ڈیری پراجیکٹس میں اطالوی سرمایہ کاری پر اتفاق کیا۔ملاقات میں سیاحت، ٹیکسٹائل، لیدر، ماربل، کارپٹس اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماریلنا ارمیلن نے پنجاب میں عوامی فلاحی پروجیکٹس کی تعریف کی اور لاہوریوں کی زندہ دلی اور مہمان نوازی کو سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط اقتصادی تعلقات میں تبدیل کیا جائے، اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے اور اس میں ورک ویزا کی سہولیات اور فعال ٹریڈ کمیشن کا کردار اہم ہے۔
اطالوی سفیر نے کہا کہ پاکستان، خاص طور پر لاہور، آنے کا تجربہ شاندار رہا اور منفی پروپیگنڈے کے برخلاف پاکستان کا حقیقی چہرہ مثبت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ٹریڈ کمیشن نے کام شروع کر دیا ہے اور جلد ہی ورک ویزا میں آسانی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ثقافت، سیاحت، اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔