پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز معاشی ترقی کے انجن ہیں:چودھری شافع حسین

 سرمایہ کاری پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں‘  گارمنٹس سٹی ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا
حکومت گارمنٹس سٹی میں صنعتی یونٹس کیلئے عمارات بنا کر کرائے پر دے گی‘ ملکی سرمایہ کار بھی کارخانے لگائیں گے:صوبائی وزیر صنعت و تجارت 

لاہور(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری  شافع حسین نے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین کی کمپنی کے وفد کے ہمراہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ کا دورہ کیا۔چین کی سپریم انٹیلجنٹ ٹیکنالوجی کمپنی کے سی ای او مسٹر لیو کیان اور کمپنی کے دیگر حکام صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے صنعتی انفراسٹرکچر اور گارمنٹ سٹی پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔سی ای او پیڈمک کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے وفد کے ہمراہ گارمنٹ سٹی میں زیر تعمیر یونٹس اور گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں سٹیچنگ یونٹس کا بھی مشاہدہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری  شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز معاشی ترقی کے انجن ہیں،یہاں سرمایہ کاری پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر بننے والا گارمنٹ سٹی ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔گارمنٹ سٹی میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری اور ٹیکنالوجی منتقل ہوگی۔ پلگ اینڈ پلے ماڈل پر بننے والا گارمنٹ سٹی سولر انرجی پر ہوگا۔حکومت گارمنٹ سٹی میں صنعتی یونٹس کیلئے عمارات بنا کر رینٹ پر دے گی۔گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ ملکی سرمایہ کار بھی کارخانے لگائیں گے۔ پنجاب میں نئی انڈسٹری لگنے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع مل رہے ہیں۔ٹیونا کے زیر اہتمام گارمنٹ سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بن رہا ہے،یہاں طالبات کو سٹیچنگ کے 3ماہ کے کورسز کروائے جارہے ہیں۔ طالبات کیلئے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت کے ساتھ تربیت مکمل کرنے والی خواتین کے لئے ملازمت بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔چین کے گروپ نے گارمنٹ سٹی میں اپنا یونٹس لگانے کا عندیہ دیا۔