بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے گھی ملیں بند کرنے کی دھمکی دیدی

حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو  جمعہ کے بعد غیرمعینہ مدت کیلئے ملیں بند کر دی جائیں گی:اعلامیہ
کراچی،لاہور (آئی این پی ) پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے گھی ملز ملزغیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے کی دھمکی کے باعث ملک بھر میں گھی کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔   پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملک بھر کی گھی ملز  جمعہ کے بعد غیرمعینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی، گھی اور کوکنگ آئل کے شعبے میں کسی بھی تعطل کی صورت میں نا صرف مہنگائی میں اضافہ ہوگا بلکہ سپلائی چین بھی متاثر ہوگی جس کے اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچیں گے۔ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عمر ریحان کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال محض ایک دن کی نہیں بلکہ غیرمعینہ مدت کی ہوگی اور اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ملک بھر میں گھی اور آئل کی سپلائی مکمل طور پر بند کر دی جائے گی کیوں کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو  (ایف بی آر)کی جانب سے گھی ملوں میں اہلکاروں کی تعیناتی نے انڈسٹری کو شدید دبا کا شکار کر دیا ہے، اس سے کاروباری ماحول میں خوف کی فضا قائم ہوچکی ہے، حکومت کی جانب سے 37 اے، ڈیجیٹل انوائسز اور بینکوں کے ذریعے 2 لاکھ روپے سے زائد لین دین کی لازمی شرائط انڈسٹری کیلئے ناقابل قبول ہیں