حکومت کے مقرر کردہ نرخ 165 روپے کلو پر چینی نہیں مل رہی،مہنگی خرید کر سستی نہیں بیچ سکتے:عہدیدار
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب بھر میں چینی کا بحران سنگین ہوگیا۔ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن نے صوبے بھر میں چینی کی فروخت بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حافظ عارف گجر نے کہا ہے کہ مہنگے داموں چینی خرید کر سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں، حکومت اور انتظامیہ مقررہ قیمت پر چینی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی کی ایکس شوگر ملز قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی ہے، مگر اس قیمت پر فراہم نہیں کی جا رہی۔ جب تک شوگر ملز اور ڈیلرز کے ساتھ کریانہ مرچنٹس کا قیمت پر کوئی واضح میکنزم طے نہیں ہوتا، چینی کی فروخت بند رہے گی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ سرکاری قیمت پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بجائے دکانیں سیل کر رہی ہے اور بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ حافظ عارف گجر نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی مقرر کردہ قیمت پر چینی فراہم کرے تاکہ پرچون فروش 173 روپے فی کلو فروخت کر سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج (منگل) سے پنجاب بھر میں چینی کی پرچون فروخت معطل کر دی گئی ہے۔