خوراک کو جولائی میں دبئی کے ایک گودام میں معیاد ختم ہونے کے بعد تلف کیا جائے گا، توانائی سے بھرپور بسکٹ بھی شامل ہیں :رپورٹ
دبئی (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر امریکی امدادی ایجنسی یو ایس ایڈ کی بندش کے نتیجے میں افغانستان اور پاکستان میں غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے مختص 500 ٹن ہنگامی خوراک ضائع ہو گئی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس خوراک کو جولائی میں دبئی کے ایک گودام میں میعاد ختم ہونے کے بعد تلف کیا جائے گا، اس میں توانائی سے بھرپور بسکٹ بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق یہ بسکٹ جو بائیڈن انتظامیہ کے آخری مہینوں میں تقریبا آٹھ لاکھ ڈالر میں خریدے گئے تھے، لیکن اب حکومت کو اس ضائع شدہ خوراک کو تلف کرنے کے لیے مزید ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر خرچ کرنے ہوں گے۔غذائی امداد ایسے علاقوں میں فوری غذائیت فراہم کرنے کے لیے تھی جہاں کھانا پکانے کی سہولتیں نہیں، یہ بسکٹ افغانستان اور پاکستان میں انسانی امداد فراہم کرنے والی تنظیموں کو بھیجے جانے تھے لیکن داخلی تاخیر اور رابطوں کی کمی کے باعث یہ ضائع ہو گئے۔