امریکہ، یوایس سٹیل پلانٹ میں دھماکے، 2 افراد ہلاک، 10 زخمی

 کمپنی اس واقعے کی وجہ جاننے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے: زخمی  ہسپتال منتقل
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا کے شہر پٹسبرگ کے قریب یو ایس اسٹیل کے ایک پلانٹ میں  متعدد دھماکوں میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق کمپنی اور مقامی حکام نے بتایا کہ یہ دھماکے کلیئرٹن کوک ورکس میں ہوئے، جو موناگاھیلا دریا کے کنارے قائم ایک بڑے صنعتی کمپلیکس کا حصہ ہے۔دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کے قریب ہوئے ، فائر فائٹرز نے آگ اور گھنے دھوئیں پر قابو پانے کی کوشش کی، جو پلانٹ سے بلند ہو رہا تھا، یہ پلانٹ یو ایس اسٹیل کی ملکیت ہے جو جاپانی کمپنی نِپون اسٹیل کی ذیلی ادارہ ہے۔ابتدا میں 2 افراد لاپتا بتائے گئے تھے، دوپہر کی بریفنگ میں الیگینی کانٹی پولیس کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ وکٹر جوزف نے بتایا کہ ایک شخص کو تلاش کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، یو ایس اسٹیل نے پیر کی شب رائٹرز کو ای میل کردہ بیان میں کہا کہ دوسرا لاپتا شخص طویل تلاش اور ریسکیو آپریشن کے بعد مردہ حالت میں ملا۔دھماکے کی وجہ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا، وکٹر جوزف نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش وقت طلب تکنیکی عمل ہوگی۔یو ایس اسٹیل کے صدر و سی ای او ڈیوڈ برِٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی اس واقعے کی وجہ جاننے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔پنسلوانیا کے گورنر جاش شیپیرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ  پلانٹ میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں اور ان کی انتظامیہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے، انہوں نے لکھا کہ جائے وقوعہ اب بھی فعال ہے اور قریبی رہائشی مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں،