سزا کے خلاف ملک میں احتجاجی تحریک چلائیں گے، اسد قیصر

 تاجروں اور عوام سے رابطہ کریں گے، ملک کا نظام ڈی ریل ہو چکا ، سابق سپیکر کی گفتگو
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ )پی ٹی آئی رہنما سابق سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان کبھی بھی سر کو نہیں جھکائے گا، عمران خان کی سزا کے خلاف ملک پر احتجاجی تحریک چلائیں گے،‘ وکلا تاجروں اور عوام سے رابطہ کریں گے۔وہ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کا نظام ڈی ریل ہو چکا ہے۔حکمران اتحاد بے نقاب ہو چکا ہے۔ملک کے اندر اسٹیبلشمنٹ کی حکومت چل رہی ہے۔جانتے ہیں جو مذاکرات ہو رہے ہیں اس کی کوئی حیثیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس طاقت ہے و ہی مذاکرات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکمران اخلاقی طور پر جنگ ہار چکے ہیں۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتیں کنگرو کورٹس کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کریں گے‘ جلد عوام سے رابطہ مہم شروع کریں گے اس فیصلے کو اعلٰی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما تحریک انصاف کے اتحادی ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ حافظ حامد رضا نے کہا ہے کہ عمران خان کو سزا دینے سے متعلق حکومتی وزرا کو پہلے سے علم تھا، کنگرو کورٹس کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کریں گے،عمران خان ان سے معافی نہیں مانگے گا۔انہوں نے کہا کہ جن ججز نے یہ فیصلہ دیا ہے انہیں ’’تمغہ‘‘ سے نوازا جائے،یہ فیصلہ کسی بھی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔