اسد قیصر کی اچکزئی سے ملاقات ،تحریک تحفظ آئین پاکستان کو دوبارہ متحرک کرنے کا فیصلہ، اتحادیوںسے رابطے تیزکرنے پر اتفاق

اسد قیصر احتجاج کیلئے اتحادیوں سے مشاورت شروع محمود خان اچکزئی
 تحریک کو واپس متحرک کرنے کے لئے سیاسی حکمت عملی اور پروگرام بنایا جائے گا، ،ہری پور کے پہاڑوں میں ٹینٹ ویلج لگانے کی تیاری، تمام اضلاع اپنا فنڈ بھی اکٹھاکریں گے، اوور سیز پاکستانیوں سے بھی مدد لی جائے گی 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف نے احتجاج کیلئے اتحادیوں سے مشاورت شروع کردی ہے،سابق سپیکر اسد قیصر نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی ہے جس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کو دوبارہ متحرک کرنے اور سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اپوزیشن الائنس نے پاک بھارت جنگ کے باعث سیاسی سرگرمیاں معطل کی تھیں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو ہوئی، جنگی ماحول کے باعث ملتوی سرگرمیاں واپس ایجنڈے پر لانے پراتفاق کیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق تحریک کو واپس متحرک کرنے کے لئے سیاسی حکمت عملی اور پروگرام کی اہمیت پر زور دیا گیا، اتحادیوں سے مشاورت کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔تحریک انصاف نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر تحریک کی منصوبہ بندی شروع کردی اور صوابی کی بجائے ہری پور کے پہاڑوں میں ٹینٹ ویلج لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ٹینٹ ویلج میں پختونخوا ہ کے ہر ضلع کا اپنا زون ہو گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کی کال پر تحریک کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی نے تحریک کو عملی شکل دینے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت اور اسلام آباد سے دوری کی وجہ سے صوابی میں دھرنے کی بجائے ہری پور کے پہاڑوں میں ٹینٹ ویلج لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹینٹ ویلج میں پختونخوا ہ کے ہر ضلع کا اپنا زون ہو گا اس کے لیے مظاہرین کے لیے کھانا، پانی اور سینی ٹیشن کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے جس میں نہ صرف سینٹرل فنڈز کے لیے اورسیز پاکستانیوں کی مدد لینے پر غورہو رہا ہے بلکہ تمام اضلاع اپنا فنڈ بھی اکھٹا کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق منصوبہ بندی اور لاجسٹک کے حصول میں 2سے 3ہفتوں کا وقت لگ سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا ہ کے صوبائی صدر جنید اکبر اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا ہ مل کر تحریک کو لیڈ کریں گے۔