انسداد دہشتگردی عدالت نے صنم جاوید اور مشعال یوسفزئی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی

انسداد دہشتگردی عدالت نے صنم جاوید اور مشعال یوسفزئی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی

انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں صنم جاوید اور مشعال یوسفزئی کی عبوری ضمانتوں میں 28 جنوری تک توسیع کر دی۔

آج انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں دونوں ملزمان کے وکلا نے ضمانت کی توسیع کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔صنم جاوید نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان پر منشیات کے علاوہ تقریباً تمام کیسز بنا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سے کیسز ان پر لوگوں کو ڈرا کر رکھنے کے لیے بنائے گئے ہیں اور اب ان کے لیے یاد رکھنا مشکل ہو گیا ہے کہ کتنے کیسز ہیں۔

صنم جاوید نے کہا کہ چھوٹی عدالتوں پر بہت دباؤ ہوتا ہے اور اس بات پر بھی زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی سزا اسلام آباد ہائی کورٹ میں ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے جیل میں خواتین کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں ان کے لیے مشکلات کا سامنا رہا لیکن ان کا یقین تھا کہ ان کا کاز درست ہے۔ صنم جاوید نے مزید کہا کہ یاسمین راشد نے جیل میں ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں جیل میں رہ کر بھی حوصلہ دیا۔