جے یو آئی نے علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ قرار دے دیا

وزیراعلیٰ پختونخوا کو اسٹیبلشمنٹ نے اپوزیشن کو کمزور کرنے کیلئے میدان میں اتارا ہے، اسلم غوری
لاہور(آئی این پی)ترجمان جے یو آئی نے علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ قرار دے دیا۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک ایسا کردار ہیں جو اپنی خود ساختہ اہمیت جتانے کے لیے جھوٹ اور فریب کا سہارا لیتے ہیں، یہ شخص کینٹ کی آرام دہ پناہ گاہوں میں روپوش رہتا ہے اور باہر آ کر ٹی وی سکرین پر بڑھکیں مارنے کا ماہر ہے، علی امین گنڈاپور کا اصل کردار ایک ناکام سیاسی مہرے سے زیادہ کچھ نہیں جسے اسٹیبلشمنٹ نے اپوزیشن کو کمزور کرنے کے لیے میدان میں اتارا ہے مگر اپوزیشن کو تقسیم کرنے کی ہر سازش ناکام ہوگی۔اسلم غوری نے کہا کہ یہ وہی علی امین گنڈاپور ہے جو خیبرپختونخوا کی سرزمین پر کرپشن اور لوٹ مار کے جھنڈے گاڑ کر عوام کے وسائل کا جنازہ نکال چکے ہیں، ان کے لیے عوامی خدمت ایک مذاق، اور سیاست ذاتی مفادات کی دوڑ سے زیادہ کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور جیسے کردار عمران خان کے قریب رہ کر بھی ان کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں، یہ شخص اندرون خانہ معافیاں مانگتا ہے، اور باہر آ کر اپنی جعلی بہادری کے دعوے کرتا ہے، ڈی چوک میں اپنے کارکنوں کو بے یار و مددگار چھوڑ کر بھاگنے والے علی امین اب کس منہ سے سیاسی اخلاقیات پر بات کرتے ہیں؟ یہ وہی ہیں جن کی خودغرضی اور بزدلی نے تحریک انصاف کو شرمندہ کیا۔