عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کیساتھ مسائل کو خود حل کرنا، میرے پاس اختیار نہیں علی امین گنڈاپور

 کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت، سیاست کی وجہ سے یہ منصوبہ رکا ہوا ہے، تین صوبوں کو فائدہ ہو گا، ڈیم مکمل کرنے کیلئے   کوئی صوبہ پیسے دینے کو تیار نہیں، پنجاب 1200 ارب روپے کا ترقیاتی پلان ایم پی ایز کے کمیشن کھانے کیلئے  دیتا ہے
میں اب بھی پیسے دینے کو تیار ہوں، بیشک جہاں سے بھی پورے کروں‘پنجاب کو سیلاب میں امدادی سرگرمیوں  کیلئے  مدد کی پیشکش کی ہے، سیلاب کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے،  اس وقت ملک میں آئین ہے نہ قانون، یہاں سیاست نہیں ہو رہی

مولانا فضل الرحمان اگر حق کا کلمہ پڑھنے   کیلئے  راضی ہو گئے ہیں تو میں ان کو ویلکم کروں گا، مگر مولانا فضل الرحمان کو میں جانتا ہوں، وہ حق کا کلمہ نہیں پڑھیں گے،فیصل کریم کنڈی پی پی پی کا انفارمیشن سیکرٹری ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں :میڈیا  سے گفتگو

پشاور(آئی این پی )وزیرِاعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے    بانی پی ٹی آئی  عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کو عمران خان نے خود حل کرنا ہے، اس حوالے میرے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے راستے میں دو بڑی رکاوٹیں موجود ہیں، پہلی رکاوٹ یہ ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی عمل داری نہیں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر قانون فعال ہو جائے تو خان صاحب فوری رہا ہو سکتے ہیں، دوسری رکاوٹ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جاری مسئلہ ہے جو خان صاحب نے خود حل کرنا ہے، اس معاملے میں ان کے پاس کوئی اختیار نہیں۔علی امین گنڈا پورکا مزید کہنا تھا کہ عمران خان قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں اور موجودہ حالات سب کے سامنے ہیں، ہم اپنے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور جب تک اپنا مقصد حاصل نہیں کر لیتے جدوجہد جاری رہے گی۔ علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی حمایت کرتے ہوئے کہا  کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے سیاست کی وجہ سے یہ منصوبہ رکا ہوا ہے، اس سے تین صوبوں کو فائدہ ہو گا،پنجاب کو سیلاب میں امدادی سرگرمیوں  کیلئے  مدد کی پیشکش کی ہے، سیلاب کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، ہماری کچھ مشینری وفاق میں پھنسی ہوئی تھی وہ زیادہ تر مل گئی ہیں، مولانا فضل الرحمان اگر حق کا کلمہ پڑھنے   کیلئے  راضی ہو گئے ہیں تو میں ان کو ویلکم کروں گا، مگر مولانا فضل الرحمان کو میں جانتا ہوں، وہ حق کا کلمہ نہیں پڑھیں گے،فیصل کریم کنڈی پی پی پی کا انفارمیشن سیکرٹری ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں ۔انہوں نے کہا کالا باغ  ڈیم  کی تعمیر سے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کو پانی ملے گا، سندھ کو کالا باغ ڈیم پر کچھ ایشوز ہیں تو میز پر بیٹھ کر بات کرے۔  کالا باغ ملک کی ضرورت ہے جو کہ سیاست کی وجہ سے رکا ہوا ہے۔ ایسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کے ساتھ زیادتی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈیم مکمل کرنے کے  لئے  کوئی صوبہ پیسے دینے کو تیار نہیں، پنجاب 1200 ارب روپے کا ترقیاتی پلان ایم پی ایز کے کمیشن کھانے کے لئے  دیتا ہے، ملک کیلئے  پنجاب نے پیسے نہیں دئیے، صرف میں نے ڈیمز  کیلئے پیسے دینے کی بات کی، میں اب بھی پیسے دینے کو تیار ہوں، بیشک جہاں سے بھی پورے کروں۔