پی ٹی آئی نے وفاق اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک علی امین گنڈاپور کو سونپ دیا

    اسلام آباد(یواین پی)خیبرپختونخوا ہ میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے سابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔ پارٹی کی پارلیمانی قیادت نے انہیں سہیل آفریدی کی حکومت کی بحالی اور گورنر راج کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے تمام ممکنہ راستے اختیار کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا ہ کی پارلیمانی پارٹی کا اہم آن لائن اجلاس 20اکتوبر کی رات 10بجے شروع ہوا جو21اکتوبر تک جاری رہا۔ اجلاس میں شریک صوبائی اسمبلی کے 2ارکان نے تصدیق کی کہ تقریباً 67ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے علاوہ سابق صوبائی کابینہ کے ارکان اکبر ایوب، نذیر عباسی، ظاہر شاہ طورو، خلیق الرحمان، ریاض خان، عارف احمد زئی، آفتاب عالم، سجاد بارکوال اور عدیل اقبال سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔