القادر یونیورسٹی اللہ کے فضل سے میری حکومت کی تحویل میں آگئی ‘ اس میں جادوٹونے نہیں سکھائیں گے‘ تعلیم وتربیت اور سکالر شپس دینگے
طلبا ء اس صوبے کی ترقی کے سٹیک ہولڈر بنیں ، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں‘اوکاڑہ میں میڈیکل کالج بنائیں گے:اوکاڑہ یونیوسٹی میں خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے ملک کو فساد اور انتشار نہیں امن، اتحاد اور ترقی چاہیے ۔ دوسروں کو چور چور کہنے والا خود سرٹیفائیڈ چور ثابت ہو چکا ۔ دوسروں کے بچوںکو تشدد کے لئے اکسا نے والے آج خود جیلوں میں سڑ رہے ہیں ، القادر یونیورسٹی میں اب جادو ٹونا نہیں سکھایا جائے گا بلکہ تعلیم وتربیت اور سکالرشپس دی جائیں گی ۔ ہونہار سکالر شپ پروگرام تقریب سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ یہ سکالر شپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پرواگرام ہے ۔ سکالر شپس کی طرح سب طلبا میں بلا تفریق لیپ ٹاپس بھی تقسیم کریں گے ۔ لیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے جو جلد آپ کے ہاتھوں میں ہوں گے ۔ آئندہ سال ایک لاکھ ای با ئیکس بھی طلبا کو دیں گے ۔ طلبا کی تعلیم کا بوجھ ا اب انکے والدین نہیں آپ کی ماں مریم نواز اٹھائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت سات سو سڑکیں بن رہی ہیں ۔ کرسیوں پر بیٹھے لوگوں کا عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ ہونا چاہیے تاکہ وہ عوامی مسائل سے آگاہ ہو کر ان کا حل نکالیں ۔ انہوں نے کہا اوکاڑہ یونیورسٹی میں بورڈنگ کی سہولت بھی دیں گے ۔ وزیر اعلی نے روا ں سال اوکاڑہ میں میڈیکل کالج بنانے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سکالر شپ ملنے والا کوئی بچہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجھے سفارش پر سکالر شپ ملی ہے کیونکہ سو فیصدمیرٹ پر یہ سکالر شپس دی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا ہونہار سکالر شپ آپ کی تعلیم کا آغاز ہے ۔ وسائل نہ رکھنے والا بچہ بھی اب لمز اور نیسٹ جیسی یونیورسٹیوں مین تعلیم حاصل کر سکتا ہے ۔ میں طلبا کے خواب پورے کرنے کا عزم لے کر آئی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکالر شپس آپکو بہت پہلے ملنی چاہیے تھی لیکن نہ ملی جس سے بہت سے ہونہار طلبا کا بڑا نقصان ہوا ۔ روا ں سال تیس ہزار سکالر شپس دی ہیں اگلے سال پچاس ہزار بچوں کو دیں گے ، انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ آپ میرے بازو میری ہمت و طاقت ہو میں اکیلی صو بے کے پندرہ کروڑ عوام کے لئے کچھ نہیں کر سکتی ۔ مجھے آپ کا ساتھ چاہیے ، طلبا اس صوبے کی ترقی کے سٹیک ہولڈر بنیں ، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں ، ملک کا جھنڈا آپ کے ہاتھ میں ہے