ایک خاتون نے پاکستان پر حملہ کیا ، مجھے اپنے کانوں اور آنکھوں پر یقین نہیں آیا، پاکستان کے ایسے دوست ملک پر حملہ کیا جو ہر مشکل میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا:مریم نواز

 بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کیساتھ دشمنی (دوستی میں رکاوٹ بننے والا ہاتھ توڑ دینگے:شہبازشریف)

سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو ہمارا بھائی کیا کہے گا، اپنے سیاسی مفاد کیلئے  نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں‘ پاکستان کی ترقی کے لئے متحد ہونا ہوگا، کسی کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے
سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی  بے مثال  مدد کی ہے، بدلے میں کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا،  کچھی کینال منصوبے کے اصل ہیرو نوازشریف ہیں:وزیراعظم  کا کچھی کینال منصوبے کی بحالی کے افتتاح  پر  تقریب سے خطاب

تونسہ شریف(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے سعودی عرب نے ہمیشہ بھائی بن کرمدد کی، سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے، سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو ہمارا بھائی کیا کہے گا؟، ان کو اندازہ نہیں اس بیان سے پاکستان کا خدانخوستہ کتنا نقصان ہوگا۔وزیراعظم نے تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا  حکومت پنجاب کے تعاون سے کچھی کینال بحالی کا مرحلہ مکمل ہوا، مشرف دور میں کچھی کینال منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا  مشرف دورمیں غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا، نوازشریف دور میں اس منصوبے کا آغاز ہوا، اس منصوبے کے اصل محسن نوازشریف ہیں۔ کچھی کینال کو 2022 کے سیلاب سے بہت نقصان ہوا، کچھی کینال کے دوسرے مرحلے کو بھی مکمل کریں گے اور اگلے مرحلے کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔ پنجاب میں کینسر ہسپتال کی تعمیر جاری ہے، پنجاب میں مریم نواز دن رات محنت کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت کے ثمرات جلد صوبے کے عوام کو ملیں گے، ہم سب مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا برادرملک ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی مدد کی جس کی مثال نہیں۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے لیے دروازے کھولے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے اربوں ڈالرز کے معاہدے ہوئے ہیں، کوئی بھی حکومت ہو سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، شاہ سلمان پاکستان کے لیے نیک جذبات رکھتے ہیں۔ سعودی عرب کے خلاف زہرآلودہ بات ناقابل معافی جرم ہے، کوئی ایسا ہاتھ جو پاکستان سعودی عرب دوستی میں رکاوٹ بنے گا اسے توڑ دیں گے، ایسا الزام لگایا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، اپنے سیاسی مفاد کے لیے نفرتوں کے بیج بوئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا، کسی کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اس موقع پر  وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا  ایک خاتون جن کا سیاست سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں، گزشتہ روز انہوں نے پاکستان پر جو حملہ کیا ہے، مجھے اپنی کانوں اور آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔  انہوں نے پاکستان کے ایسے دوست ملک پر حملہ کیا، جو ہر مشکل میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا  وہ دوست ملک پاکستان کی مدد کو آیا، اور پاکستان کا ایک قابل بھروسہ دوست ہے، پاکستان کا محسن ہے، اس کے اوپر انہوں نے حملہ کیا تو میں حیران رہ گئی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نہیں مان سکتی کہ ان کو اس کے نتائج کا نہیں پتا، پاکستان کے اوپر اس کے نتائج کا نہیں پتا، اور اس سے جو بگاڑ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، اس کو ان کی خبر نہیں ہے، یہ بات میں نہیں مان سکتی