رمضان کی پہلی تراویح: مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں ایمان افروز مناظر

رمضان کی پہلی تراویح: مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں ایمان افروز مناظر

رمضان المبارک کے آغاز پر دنیا بھر میں مذہبی جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے۔

سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد النبوی میں پہلی تراویح کے دوران ایمان افروز مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں ہزاروں نمازیوں نے مقدس مساجد میں عبادت کی سعادت حاصل کی۔ انہوں نے ماہِ رمضان کا استقبال کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور مغفرت، رحمت کی دعائیں مانگیں۔مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے گرد اور مسجد نبویؐ میں روضہ رسول ﷺ کے قریب بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے، جن کے روح پرور مناظر دل موہ لینے والے تھے اور عبادت گزاروں پر رقت طاری رہی۔واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، عراق، یمن، لبنان، فلسطین اور افغانستان میں رمضان کا چاند نظر آنے کے بعد آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔

دوسری طرف، ترکی، سوئیڈن، آسٹریلیا، مصر، عمان، ملائیشیا، سنگاپور، برونائی، انڈونیشیا، فلپائن، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، فرانس اور جاپان میں پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔امریکا، کینیڈا، بیلجیئم اور برطانیہ میں چاند کی رویت کے حوالے سے مختلف رائے پائی جاتی ہے، بعض حلقوں نے آج رمضان شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ دیگر جمعرات سے رمضان کا آغاز کریں گے۔