تیسرا آئی جی پنجاب نیزہ بازی کپ، حبیب امتیاز کی پہلی پوزیشن

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے زیراہتمام تیسرا آئی جی پنجاب نیزہ بازی (ٹینٹ پیگنگ) کپ 2026ء  پنجاب کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز فاروق آباد میں کامیابی سے منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری ایڈیشنل آئی جی حسین حبیب امتیاز تھے۔تقریب میں ڈی آئی جی ٹریننگ راؤ منیر احمد ضیاء ، ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی سید امین بخاری، اے آئی جی ٹریننگ زوہیب نصر اللہ رانجھا، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز عدیل شکور سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر سے 44 ٹیموں کے گھڑ سواروں نے نیزہ بازی کے سنگل، ڈبل اور فور رائیڈر کیٹیگریز میں سنسنی خیز مقابلوں میں حصہ لیا۔ مقابلوں میں گھڑ سواروں نے برق رفتاری، مہارت اور شاندار کرتب دکھا کر شائقین سے بھرپور داد وصول کی۔ قریش بنی ہاشم نیزہ بازی کلب، ضلع سرگودھا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی جی پی ٹینٹ پیگنگ کپ اپنے نام کر لیا۔ جٹ بادشاہ نیزہ بازی کلب، ضلع راولپنڈی نے دوسری جبکہ وراثت غازی راوی کلب، ضلع فیصل آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری حسین حبیب امتیاز نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے فاتح کھلاڑی میاں فیاض احمد قریشی کو ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی سے نوازا۔ دوسری پوزیشن کے کھلاڑی کو 75 ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو 50 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی دی گئی۔