غوثیہ ہمدانیہ نیزہ بازی چمپئن شپ، گھڑسواروں کی شاندار مہارت کا مظاہرہ

جھنگ (خصوصی رپورٹ) نیزہ بازی (ٹینٹ پیگنگ) برصغیر کی قدیم، روایتی اور سنسنی خیز گھڑ سواری کی پہچان ہے، جو اپنی تاریخی اہمیت، مہارت، جرات اور شاندار کھیل کے باعث پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں غیر معمولی مقبولیت رکھتی ہے۔ اس روایتی کھیل کو فروغ دینے اور علاقائی ثقافت و کھیلوں کی سرگرمیوں کو اُجاگر کرنے کے سلسلے میں صحرائے تھل میں منعقدہ تین روزہ ’’جھنگ ڈیزرٹ ریلی اینڈ کلچرل فیسٹیول‘‘ کے دوران ضلع جھنگ کے علاقے سلیانہ میں غوثیہ ہمدانیہ نیزہ بازی (ٹینٹ پیگنگ) چمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نامور گھڑسواروں نے اپنی فنی مہارت، نشانے کی درستگی اور گھوڑوں پر غیر معمولی گرفت کا مظاہرہ کیا۔ٹیم سلطان کے زیراہتمام منعقدہ اس چمپئن شپ میں مختلف مقابلوں کے دوران گھڑسواروں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ نیزہ بازی کے مقابلوں نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کیے رکھی جبکہ کھلاڑیوں کی مہارت اور روایتی گھڑ سواری کے شاندار مظاہروں نے ایونٹ کو دلچسپ بنا دیا۔چمپئن شپ نے نہ صرف نیزہ بازی کے روایتی کھیل کو اُجاگر کیا بلکہ علاقائی ثقافت اور گھڑ سواری سے وابستہ روایات کو زندہ رکھنے کی اہمیت بھی نمایاں کی