70 لاکھ مالیتی چوری، گمشدہ فونز اصل مالکان کے حوالے

ساہیوال پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات کررہی:ڈی پی او 
چیچہ وطنی(خصوصی رپورٹ) وزیرِ اعلیٰ کے ویژن کے مطابق شہریوں کے اعتماد کی بحالی میں اہم پیش رفت، 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے چوری اور گمشدہ موبائل فون اصل مالکان کے حوالے کردئیے گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے ڈی پی او آفس کمپلینٹ سیل میں منعقدہ تقریب کے دوران ماہ جنوری اور فروری میں ٹریس ہونے والے 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے170عدد موبائل فونز ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے۔ تقریب میں امن کمیٹی کے ممبران، صحافی برادری اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور بڑی تعداد میں موبائل فونز کی بر آمدگی اور ان کی اصل مالکان کو حوالگی کو سراہا۔ اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال نے کہا کہ چوری اور گمشدہ موبائل فونز کی واپسی شہریوں کا پولیس پر اعتماد بحال کرنے کی جانب پہلا عملی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویڑن اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب پولیس اور بالخصوص ساہیوال پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔