لاکھوں کے 129 موبائل فونز اصل مالکان کو واپس

 ای گیجٹ ایپ سے کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز بر آمد ہوئے
لاہور (کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز میں لاکھوں مالیت کے 129 موبائل فونز ریکور کرکے اصل مالکان کے سپرد کر دیے گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایات پر سپیشل پولیس ٹیمز ای گیجٹ ایپ کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔دو ہفتوں میں ای گیجٹ ایپ کے ذریعے ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 129 موبائل فونز ریکور کیے گئے۔ ایس ایس پی محمد نوید نے برآمد ہونے والے موبائل فونز اصل مالکان کے حوالے کیے۔شہریوں کے قیمتی فونز مختلف وارداتوں میں چھینے گئے، چوری ہوئے یا گم ہو گئے تھے۔ موبائل فونز واپس ملنے پر مدعیان مقدمات نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔روان سال ای گیجٹ ایپ کے ذریعے ایک ارب سے زائد مالیت کے 3795 موبائل فونز بازیاب کیے گئے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کے مطابق شہری کسی بھی جرم سے متعلق اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شب و روز کوشاں ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔