یونیورسٹی کو طلبہ کے میڈیکل ہیلتھ چیک اپ، موثر نگرانی، طالبات کے لیے کانسلنگ، ہراسانی کی روک تھام اور مینٹورشپ پروگرامز شروع کرنے کی ہدایت
لاہور(آئی این پی )لاہور میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ فریحہ ابراہیم کی ہاسٹل میں موت کے معاملے پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے یونیورسٹی پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔پی ایم ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی نے حقائق کا جائزہ لینے کے بعد جرمانے کا فیصلہ کیا۔یونیورسٹی کو طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے اضافی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔دستاویزات میں کہا گیا کہ یونیورسٹی کو طلبہ کے میڈیکل ہیلتھ چیک اپ، موثر نگرانی، طالبات کے لیے کانسلنگ، ہراسانی کی روک تھام اور مینٹورشپ پروگرامز شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔فریحہ ابراہیم کی موت کے بعد پی ایم ڈی سی نے یونیورسٹی سے واقعے کی تفصیلات اور وضاحت طلب کی تھی۔ پی ایم ڈی سی کونسل کی منظوری کے بعد جرمانے کا فیصلہ یونیورسٹی کو بھجوا دیا گیا۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے 2 کروڑ روپے جرمانے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست بھی دائر کردی ہے۔