آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع میچ سے قبل، بھارتی پیش گو آئی آئی ٹی بابا، المعروف ابھے سنگھ، کی پیش گوئی نے شائقین میں ہلچل مچا دی ہے۔
ابھے سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار بھارت پاکستان سے یہ میچ ہار جائے گا۔ ان کے اس بیان نے بھارتی مداحوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔پاکستانی ٹیم، جو اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے ہار چکی ہے، بھارت کے خلاف اس اہم میچ کے لیے دبئی پہنچ چکی ہے۔ ٹیم کے ہمراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود ہیں۔ یہ میچ 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب، بھارت نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا کامیاب آغاز کیا ہے۔ گروپ اے میں موجودہ پوائنٹس ٹیبل کے مطابق، بھارت دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کو اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے آئندہ میچز میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔اس اہم میچ سے قبل، شائقین اور ماہرین کی نظریں دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر مرکوز ہیں، اور آئی آئی ٹی بابا کی پیش گوئی نے میچ کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔