بائولے کتے کاشکارشخص چل بسا

40سالہ عامرشہزادکو 2ہفتے قبل کتے کے کاٹنے پرٹی ایچ کیوہسپتال لایا گیاتھا، ادویات نہ ملیں 
مریدکے(خصوصی رپورٹ) مریدکے میں آوارہ اور بائولے کتے نے ایک شخص کی جان لے لی۔ تقریباً دو ہفتے قبل 40سالہ شخص کو کتے نے کاٹ لیا جو متعلقہ ادویات نہ ملنے کے باعث ٹی ایچ کیو ہسپتال میں دم توڑ گیا، بتایا جاتا ہے کہ مریدکے اور گردونواح میں آج کل آوارہ اور بائولے کتوں کی بھرمار ہے مگر تحصیل انتظامیہ ان کے تدارک میں بے بس نظر آتی ہے۔آئے روز ٹی ایچ کیو ہسپتال میں کتوں کے کاٹنے سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔نواحی چک نمبر 33کے رہائشی 40سالہ عامر شہزاد  سمیت گاو ں کے سات آٹھ افراد کو تقریباً دو ہفتے قبل بائولے کتے نے بری طرح کاٹ کھایا تھا ،جس سے وہ تمام شدید زخمی ہو گئے، جنہیں مریدکے ٹی ایچ کیو ہسپتال سے لاہور ریفر کر دیا گیا، مگر  عامر شہزاد کو لاہور ڈاگ سنٹر سے کوئی خاطر خواہ دوائی نہ مل سکی، اہل خانہ نے بتایا کہ دوائی نہ ملنے کے باعث اسکی حالت انتہائی غیر ہو گئی تو اسے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ ہسپتال پہنچتے ہی طبی امداد سے قبل جان کی  بازی ہار گیا، اہل خانہ نے اس بابت تحصیل مریدکے کی انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت کے حکام بالا سے سخت نوٹس لینے اور مبینہ غفلت کے مرتکب افسروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔