نئے ایم ایس بھی مسائل حل کرنے میں ناکام،وزیراعلیٰ پنجاب نوٹس لیں :شہری
مریدکے ( خصوصی رپورٹ) تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں طبی سہولیات کا فقدان ہونے کے باعث مریض خوار ہونے لگے، مناسب علاج نہ ادویات دستیاب ہیں،مریضوں کے لواحقین ہسپتال کے باہر سے ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔نئے تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی ہسپتال کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظرآتے ہیں،مریضوں ،ان کے لواحقین اورشہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت کے حکام بالا سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق تحصیل مریدکے کا سب سے بڑا ہسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکا ہے،مریض علاج معالجہ کے لیے دھکے کھانے لگے، ادویات کے فقدان کیباعث مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، ڈرپس ،انجکشن ، انسولین ،جان بچانے والی ادویات ہسپتال میں نہ ہونے کے باعث شہری بازار سے خریدنے پر مجبور ہو گئے،ہسپتال کی ایمرجنسی میں رات کے وقت مکمل سٹاف کا نہ ہونا بھی معمول بن چکا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کو مریض کو ہسپتال میں لے کر جانے پر ادویات کے میسر نہ ہونے کے باعث بہت سی جانیں ضائع ہو چکی ہیں،شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ انسولین کے لیے سارا سارا دن کبھی کسی ڈاکٹر کے سائن کا انتظار کروایا جاتا ہے اور کبھی اگلے دن آنیکا کہہ دیا جاتا ہے،شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے، جبکہ انتظامیہ نے اپنے موقف میں اس بابت بہت حد تک ادویات مریضوں کو دستیاب ہونے اور باقی ماندہ پر جلد قابو پانے کا عندیہ دیا ہے۔