رورل ہیلتھ سنٹر میں طبی سہولیات کا فقدان، مریض پریشان

دن میں صرف ایک ڈاکٹر، رات کوایک ڈسپنسر دستیاب،مریض قریبی شہروں کو ریفر
ایمرجنسی وارڈ میں ضروری ادویات غائب، ایکسرے مشین طویل عرصے سے خراب
کسووال(خصوصی رپورٹ)کسووال کے نواحی علاقہ 4چودہ ایل میں قائم آر ایچ سی ہسپتال بنیادی طبی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے مریم نواز، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی ذرائع اور شہریوں کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی مکمل تعیناتی نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دن کے اوقات میں صرف ایک ڈاکٹر دستیاب ہوتا ہے جبکہ رات کے وقت ایک ڈسپنسر ڈیوٹی سرانجام دیتا ہے، جو مبینہ طور پر مریضوں کو مزید علاج کے لیے قریبی شہروں چیچہ وطنی یا ساہیوال ریفر کرنے پر مجبور ہوتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث ایمرجنسی کے مریضوں کو بروقت طبی امداد میسر نہیں آتی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ میں ضروری ادویات کی قلت ہے جبکہ ایکسرے مشین طویل عرصے سے خراب پڑی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ہنگامی طبی سہولیات کا بھی فقدان ہے، جس سے حادثات اور پیچیدہ امراض کے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اہلِ علاقہ کے مطابق کسووال اور گردونواح کی بڑی آبادی کا انحصار اسی واحد سرکاری ہسپتال پر ہے جو مرکزی شاہراہ پر واقع ہے۔ اگر یہاں بنیادی سہولیات مکمل نہ ہوں تو مریضوں کو دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے قیمتی وقت اور اخراجات دونوں میں اضافہ ہوتا ہے۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ ساہیوال، کمشنر ساہیوال اور حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں فوری طور پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی، ادویات کی وافر فراہمی اور خراب مشینری کی مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔