نواز شریف سیاسی محاذ سنبھال لیا
بدقسمتی ہے سیاست میں گند اورجمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا، بد تہذیبی، بدتمیزی،بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا۔ ملک ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا،ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوشحال بنانا ہے :نوازشریف
لاہور(کرائم رپورٹر) مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شر یف نے ایک بار پھر سیاسی محاذ سنبھال لیا ، مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں جاری ہیں ۔ ساہیوال، خانیوال، ملتان، لودھراں، وہاڑی اور بہاولنگر ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ ملاقات میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا بدقسمتی ہے ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا اور سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا۔ بد تہذیبی، بدتمیزی،بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا معیشت اور اقدار تباہ کیں، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔ پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے۔ شہبازشریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آ رہا۔ نوازشریف نے کہا کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی تبدیلی کی سوغاتیں تھیں۔ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوشحال بنانا ہے۔جو وعدے کئے تھے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں