مسلم لیگ ق کو ملک بھر میں فعال سیاسی قوت بنائیں گے، کے پی میں، دہشت گردی کے خاتمے اور معاشی ترقی کیلئے تمام سیاسی قوتیں کردار ادا کریں:چودھری سالک حسین
لاہور(آئی این پی )خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنمائوں نے مسلم لیگ (ق ) میں شمولیت اختیار کر لی۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں چودھری سالک حسین سے ملاقات میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کے اہم رہنمائوں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کرلی۔پیپلز پارٹی کے حاجی رشید خان کنڈی، لقمان یاسین، تحریک انصاف کے شیر عالم خان مسعود اور آصف کنڈی ایڈووکیٹ بھی مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے۔مسلم لیگ ن کے قیصر ندیم ایڈووکیٹ اور شہزاد ملنگی جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے عمر معاویہ نے بھی مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی،ضلع پہاڑپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت مخدوم زادہ سید مرید حیدر شاہ بخاری بھی مسلم لیگ ق کا حصہ بن گئے۔چودھری سالک حسین سے حاجی رشید خان کنڈی کی ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پارٹی تنظیم سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری سالک حسین نے نئے شامل ہونے والے رہنماں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں موثر کردار دینے کا اعلان کیا۔چودھری سالک حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ق کو ملک بھر میں منظم اور فعال سیاسی قوت بنائیں گے، خیبر پختونخوا میں امن، دہشت گردی کے خاتمے اور معاشی ترقی کیلئے تمام سیاسی قوتیں کردار ادا کریں۔