وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بحرین میں "پاکستان بحرین سرمایہ کاری سربراہی اجلاس" سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے
کہ حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے "اُڑان پاکستان" کے نام سے ایک جامع روڈ میپ ترتیب دیا ہے، جس کا مقصد 2030ء تک پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز تک پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ "اُڑان پاکستان" ایک مربوط حکمت عملی ہے جو برآمدات پر مبنی معیشت کے قیام پر مرکوز ہے، اور اس کے تحت صنعتی شعبے میں بہتری، ایکسپورٹ زونز کا قیام، صنعتی راہداریوں کی تعمیر اور لاجسٹک سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔احسن اقبال کے مطابق، حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
ایف بی آر، ایس ای سی پی اور دیگر اہم اداروں میں اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں تاکہ کاروباری برادری کو سہولت دی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے 100 سے زائد اقدامات مکمل ہو چکے ہیں اور پاکستان کو ایک پُرکشش سرمایہ کاری مقام بنانے کے لیے ادارہ جاتی استحکام، مربوط پالیسی اور عالمی شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے اور ان کی فروخت بڑھانے کے لیے ایک ایکسپورٹ ڈرائیو بھی شروع کی گئی ہے، کیونکہ 21ویں صدی کا دور معیشت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کا تقاضا کرتا ہے۔