2 سال میں ترسیلاتِ زر 28 سے 38 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں: وزیر خزانہ

2 سال میں ترسیلاتِ زر 28 سے 38 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں: وزیر خزانہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ترسیلاتِ زر میں 10 ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس سے مالی استحکام کے لیے مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ دو سال میں ترسیلاتِ زر 28 ارب ڈالر سے بڑھ کر 38 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ ان کے مطابق 30 جون 2025 تک اسٹیٹ بینک کے مالی ذخائر 14 ارب ڈالر تک ہو جائیں گے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ایک ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ حاصل کیا جائے گا، جبکہ "پانڈا بانڈ" کا اجراء بھی اسی سال متوقع ہے۔ مزید یہ کہ آئندہ برس عالمی مالیاتی منڈیوں سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے بجٹ میں اضافے پر مکمل اتفاق ہے۔ اس پروگرام کے بجٹ میں 700 ارب روپے سے زائد کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔ متوسط طبقے کو گھروں کی تعمیر کے لیے سستے قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔وزیر خزانہ نے زور دیا کہ پاکستان مالی نظم و ضبط اور غربت کے خاتمے کے لیے جامع اقدامات کر رہا ہے، جن کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔