آئی جی پنجاب نے صوبہ پنجاب میں گرفتار افغان شہریوں کے حوالے سے تمام ڈویژنل پولیس سربراہوں سے رپورٹ طلب کرلی
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبہ پنجاب میں مقیم افغان شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم اپریل تک اپنے افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) اور ویزوں کی توثیق کروا لیں ورنہ ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا، دوسری جانب آئی جی پنجاب نے صوبے بھر کی پولیس سے گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے انکشاف کیا کہ پنجاب کے صوبائی حکام کی جانب سے ان افغان شہریوں کے بارے میں ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جن کے ویزے اور اے سی سیز کی مدت ختم ہو چکی ہے کیونکہ ان کے لیے دستاویزات کی تجدید کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔اے سی سی نادرا کی جانب سے رجسٹرڈ افغان شہریوں کو جاری کردہ شناختی دستاویز ہے، اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے مطابق اے سی سی پاکستان میں قیام کے دوران افغانوں کو عارضی قانونی حیثیت دیتا ہے۔دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی نے صوبہ پنجاب میں گرفتار افغان شہریوں کے حوالے سے تمام ڈویژنل پولیس سربراہان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام ریجنل پولیس افسران، سٹی پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ہونے والی گرفتاریوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ وہ افغان شہریوں کے نام، ایف آئی آر نمبر، متعلقہ تھانوں کے نام، جن لوگوں کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے یا جو ضمانت پر ہیں اور ان کی ٹرائل اسٹیٹس پر مشتمل رپورٹ بھیجیں۔