جرمنی نے اسرائیل کے ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایرو تھری (Arrow 3) میزائل دفاعی نظام کے معاہدے میں مزید توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
جرمن پارلیمنٹ نے اس توسیعی معاہدے کے لیے 3.1 ارب ڈالر کے فنڈز کی منظوری دی، جس کے بعد اس دفاعی معاہدے کی مجموعی مالیت تقریباً 6.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ توسیع تقریباً دو سال قبل طے پانے والے ابتدائی معاہدے کا تسلسل ہے، جس کی مالیت 3.5 ارب ڈالر تھی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ایرو تھری میزائل دفاعی نظام سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مزید مستحکم ہو گا۔
اس معاہدے کے بعد جرمنی اسرائیل کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی برآمدی معاہدہ مکمل کرنے والا شراکت دار بن گیا ہے۔یاد رہے کہ جرمنی، امریکا کے بعد اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ جرمن حکومت نے حال ہی میں اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، جس کی وجہ غزہ میں جنگ بندی اور خطے میں سفارتی پیش رفت کو قرار دیا گیا۔