جرمنی کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ، امریکا نے ٹوماہاک میزائل فروخت کرنے کی منظوری دی

جرمنی کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ، امریکا نے ٹوماہاک میزائل فروخت کرنے کی منظوری دی

امریکا نے جرمنی کو جدید ٹوماہاک کروز میزائل اور ان کے ٹائیفون زمینی لانچر سسٹمز فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر نے نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر بتایا کہ انقرہ میں ہونے والی ملاقاتیں توقعات سے زیادہ نتیجہ خیز ثابت ہوئیں، جہاں امریکا کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوا کہ جرمنی امریکی ساختہ ٹوماہاک میزائل خریدے گا اور مستقبل میں انہیں اپنی سرزمین پر تعینات کرے گا۔جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد جرمنی کی دفاعی صلاحیت میں موجود ایک اہم اسٹریٹجک خلا کو پُر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک اپنے دفاعی نظام کو جدید بنانے اور خطے میں دفاعی استعداد بڑھانے کے لیے بھی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت نے منگل کو دستخط کیے گئے لیٹر آف انٹینٹ کے ذریعے جرمنی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگست کے دوران ٹوماہاک میزائلوں اور ٹائیفون لانچرز کی فروخت کی باضابطہ منظوری دے دی جائے گی۔

تاہم جرمن حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ جرمنی کتنے ٹوماہاک میزائل یا کتنے ٹائیفون لانچر خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق دفاعی حساسیت کے باعث اس حوالے سے تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں۔دفاعی ماہرین کے مطابق ٹوماہاک کروز میزائل طویل فاصلے تک انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ ٹائیفون لانچر مختلف اقسام کے جدید میزائل داغنے کے لیے استعمال ہونے والا جدید زمینی نظام ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ یورپ میں دفاعی استعداد کو مزید مضبوط بنانے اور نیٹو کے رکن ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔