صاف ستھرا پنجاب مہم میں واسا کا کردار اہمیت کا حامل ہے: بلال یاسین

 ضلعی سطح پر نکاسی آب منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل اولین ترجیح ہوگی
 لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت واسا پنجاب کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین واسا پنجاب چودھری شیر علی، وائس چیئرمین واسا لاہور چودھری شہباز اور ڈی جی واسا طیب فرید نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے اضلاع میں واسا کے انتظامی سٹرکچر کی بہتری اور متعلقہ میونسپل کمیٹیز(ایم سیز) سے مشینری و عملے کی حوالگی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر 31 دسمبر تک واسا پنجاب کی مکمل فعالیت اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے تمام ایم ڈیز کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ایم سیز، ضلعی انتظامیہ اور پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے مشاورت کریں تاکہ نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے بروقت اور شفاف انداز میں مکمل ہوں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ مون سون سے قبل تمام اضلاع میں واسا کے پاس مکمل مشینری اور افرادی قوت دستیاب ہوگی۔ عوامی شکایات کے تدارک کے لیے جیو ٹیگنگ کے ساتھ تصویری دستاویزات لازمی ہوں گی اور زبانی جمع خرچ پر کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی سطح پر نکاسی آب کے منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل اولین ترجیح ہوگی، جبکہ صاف ستھرا پنجاب مہم میں واسا کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔