پنجاب کے وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ نظرثانی شدہ کرایہ نامے جاری کریں تاکہ کرایوں میں کمی کو عملی جامہ پہنا جا سکے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے تمام اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے تاکہ کرایوں میں کمی کی یقینی نگرانی کی جا سکے۔بلال اکبر خان نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (آر ٹی ایز) سے کرایوں میں کمی سے متعلق رپورٹس جمع کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام سے زائد وصول کی گئی رقوم واپس کروائی جائیں۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ نے یہ بھی کہا کہ حکومت ڈیزل کی کم قیمتوں کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچائے گی اور خبردار کیا کہ مقررہ نرخوں سے زاید کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کرایوں میں اضافہ کی شکایات براہ راست حکام کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔