کویت کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار

وزیر پٹرولیم کی کویت کے وزیر خزانہ سے ملاقات، توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون  پر اتفاق 
اسلام آباد (آئی این پی)وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے دورہ کویت کے دوران میں مختلف ملاقاتوں میں سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ کویتی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کویت کے دورے کے دوران وزیر خزانہ ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات کی، جس میں توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔کویتی وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومتِ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔