پاکستان ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں تجربہ کار عالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہشمند ہے:وفاقی وزیر اویس لغاری کی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ترکی کے وزیر توانائی الپ ارسلان بختیار بیرکتار سے آن لائن ملاقات ہوئی جس میں توانائی کے شعبے خصوصاً ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پاور نے ترک ہم منصب کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں تجربہ کار عالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہشمند ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ وسیع تجربہ رکھنے والی ترک کمپنیوں کی شرکت پاکستان کے پاور سیکٹر کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے نجکاری کے عمل میں دونوں ممالک کے اداروں اور ماہرین کے درمیان قریبی تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر ترک وزیر توانائی **الپرسلان بیرکتار نے کہا ترکیہ کے سرمایہ کار پاکستان کے پاور سیکٹر کی نجکاری کے عمل کو گہری دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں اور امید ہے کہ ترک سرمایہ کار اس عمل میں مناسب سطح پر حصہ لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکی پاکستان کے پاور سیکٹر کی نجکاری کے عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔