رائے ونڈ کے قریب تیزگام ایکسپریس کی کارگو بوگی میں آگ لگ گئی

رائے ونڈ کے قریب تیزگام ایکسپریس کی کارگو بوگی میں آگ لگ گئی

رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی تیزگام ایکسپریس ٹرین کی کارگو بوگی میں اچانک آتشزدگی ہوگئی جس کے نتیجے میں سامان جل گیا۔

 ریسکیو 1122 کے مطابق، ہلوکی پھاٹک کے قریب ٹرین کی کارگو بوگی میں آگ لگی، جس پر ایمرجنسی رسپانس کے طور پر ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ کو قابو میں کیا۔آگ تیزگام ایکسپریس کی کارگو بوگی میں موجود سامان میں لگی، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجہ سے ٹرین میں شدید دھواں پھیل گیا تھا، لیکن ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی نے بڑی تباہی کو روکا۔ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر متاثرہ کارگو بوگی کو ٹرین سے علیحدہ کر دیا، تاکہ باقی ٹرین اور مسافروں کو کسی بھی مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آتشزدگی کی اصل وجہ کیا تھی۔