لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رائے ونڈ اجتماع کے لیے تین دن کے لیے الیکٹرو بس چلانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے رائے ونڈ جانے والے راستوں پر فوری پیچ ورک کرنے اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ ریلوے اسٹیشن اور ایئرپورٹ سے رائے ونڈ تک الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔مریم نواز شریف سے مرکز تبلیغی جماعت کے شوریٰ ارکان کی ملاقات ہوئی، جن میں ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا امجد فاروق، مولانا محمد امیر، امتیاز احمد غنی اور ارشد شامل تھے۔ انہوں نے تمام ممکنہ انتظامات کرنے اور راستوں کی مرمت کی ہدایت دی۔انہوں نے رائے ونڈ کی تین روڈز کی فوری تعمیر و مرمت اور اجتماع کے دوران خصوصی صفائی مہم چلانے کا بھی حکم دیا، جس میں اسپیشل صفائی اور عرق گلاب کے چھڑکاؤ شامل ہیں۔تبلیغی جماعت کے اکابرین نے الیکٹرو بس پراجیکٹ اور چند ماہ میں 90 ہزار گھر بنانے پر خراج تحسین پیش کیا، اور شہر و دیہات میں صفائی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے خلوص کے ساتھ کام کرنے کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔
اکابرین نے کہا کہ عوام کا تاثر بدل رہا ہے اور مریم نواز کی خدمت کی مثال قابل تقلید ہے۔ انہوں نے اجتماع میں 110 ممالک سے شریک افراد کی تعریف کی اور کہا کہ عوامی خدمت کی یہ مثال پنجاب میں پہلی بار قائم ہوئی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف صاحب کی ہدایت پر تبلیغی جماعت کے اکابرین سے ملاقات کی، اور خلوص دل سے لوگوں کی خدمت اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کے جذبے سے کام کرتی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عوام کی خدمت کی توفیق دے۔انہوں نے رائیونڈ کی دینی خدمات کو سراہا اور وفد سے ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان اور سیلاب زدگان کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔