میرے سامنے بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں کی: شہریار آفریدی

میرے سامنے بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں کی: شہریار آفریدی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے میرے سامنے شیر افضل مروت کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ شیر افضل مروت کی پارٹی کے لیے خدمات قابلِ قدر ہیں اور ان کے مستقبل کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے بات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر کو جو کچھ ہوا، پوری قوم نے دیکھا، ہمارے لیڈر نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کی، اور ہم آئین و قانون کی سربلندی کے لیے کھڑے رہیں گے۔شہریار آفریدی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے کوہاٹ کے فنڈز روک رکھے ہیں جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کارکنوں پر ظلم ہو رہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جیلوں میں پی ٹی آئی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور فارم 47 کے تحت جیتنے والے امیدواروں کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے سوال اٹھایا کہ قانون کی بالادستی کے لیے جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا جا رہا؟ آخر اس میں رکاوٹ کیا ہے؟