پشپا 2 کی پریمیئر میں بھگدڑ سے زخمی 9 سالہ بچہ دماغی طور پر مردہ قرار

پشپا 2 کی پریمیئر میں بھگدڑ سے زخمی 9 سالہ بچہ دماغی طور پر مردہ قرار

ویب ڈیسک: حیدرآباد میں "پشپا 2" کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 9 سالہ بچے سریتیج کو دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا۔

 4 دسمبر کو سندھیا تھیٹر میں مچنے والی بھگدڑ کے دوران بچے کی ماں ریوتی کی المناک موت ہوگئی تھی، جبکہ سریتیج شدید زخمی ہوگیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد پولیس کمشنر نے بتایا کہ بچے کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی اور اسے دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا ہے۔ بچہ وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہے اور اس کی حالت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے دوران سریتیج کو آکسیجن کی کمی ہوئی جس کی وجہ سے اس کے دماغ کو شدید نقصان پہنچا۔تلنگانہ کے ہیلتھ سیکریٹری کے مطابق، سریتیج کی صحت میں کوئی اہم تبدیلی نہیں آئی اور اس کی حالت انتہائی نازک ہے۔

 طبی ماہرین کے مطابق بچے کی حالت بہتر کرنے کے لیے ایک سرجری کی تجویز دی گئی ہے جس کے ذریعے آکسیجن کو براہِ راست پھیپھڑوں میں پہنچایا جائے گا تاکہ وینٹی لیٹر پر اس کا انحصار کم کیا جا سکے۔اس واقعے کے بعد، سریتیج کی ماں کی موت کے باعث ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا جس میں ٹالی ووڈ اداکار اللو ارجن اور دو دیگر افراد کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اسی دوران، پشپا 2 کے مرکزی اداکار اللو ارجن کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ اداکار نے متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے 25 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے اور بچے کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا۔