بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک حاضری کیلئے جیل حکام کو دوبارہ نوٹس

 بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور ، سماعت 7 جنوری تک ملتوی 
 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ،بشریٰ بی بی کے خلاف کی سماعت حتمی مرحلے میں پہنچ گئی 
راولپنڈی ،اسلام ا ٓباد(خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمہ میں درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی،بشری ٰبی بی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ بھی نہ ہوسکا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل خالدیوسف چودھری عدالت پیش ہوئے اور بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کرتے ہوئے کہاکہ سینئر کونسل اڈیالہ جیل سماعت میں مصروفیت کے باعث نہیں آسکتے،دوران سماعت عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش نہ کیا گیا،عدالت نے بشری ٰبی بی کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور کرلی اور جیل حکام کو بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک حاضری کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کردیا،عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 7 جنوری تک ملتوی کردی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ بھی7 جنوری تک موخر کردیاگیا۔ادھر بانی پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت حتمی مرحلے میں پہنچ گئی۔ نیب نے اپنے حتمی دلائل مکمل کر لئے۔ حتمی دلائل میں قوانین اور فیصلوں کی کاپیاں بھی جمع کرائی گئی۔ سماعت آج بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔ وکلاء صفائی بدھ کو حتمی دلائل شروع کریں گے۔190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔نیب کی جانب سے حتمی دلائل اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر امجد پرویز ایڈوکیٹ اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سراد مظفر عباسی نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ این سی اے اور ایسٹ ریکوری یونٹ کے مابین 6 نومبر 2019 کو معاہدہ خفیہ رکھنے کی ڈیڈ طے پائی،رولز اف بزنس 1973کی خلاف ورزی کی گئی ۔ پبلک افس ہولڈر کسی بھی قسم کا کوئی فنڈ، ڈونیشن لے گا تو وہ ریاست پاکستان کی ملکیت تصور ہوگا،نیب وکلاء￿  نے معاملہ سے متلعق پاکستانی ہائیکورٹ اور بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی نقول بھی عدالت میں داخل کروا دیں۔