بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات ‘نیب،بلوچستان،سندھ و کے پی کے حکام کو دوبارہ نوٹس جاری

اسلام آباد(آن لائن)بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے بارے میں ان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی درخواست پراسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب،بلوچستان،سندھ اور کے پی کے حکام کو دوبارہ نوٹسز جاری کردیے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کا حکمنامہ جاری کردیا۔اس ضمن میں جاری حکم نامہ میں بتایا گیا ہے نیب کی جانب سے کوئی پیش ہوا نہ رپورٹ دی گئی،نیب کو دوبارہ نوٹس جاری کیا جاتا ہے،مکمل رپورٹ پیش کی جائے،وزارت داخلہ سندھ،بلوچستان اور کے پی کے سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات، انکوائریوں اور زیر التواء کیسز کی تفصیلات منگوائے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عدالتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔عدالت کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ حکمنامہ کی کاپی وزارت داخلہ اور نیب کو بھجوائی جائے،کیس کی آئندہ سماعت2 دسمبر کو ہوگی۔