غزہ بارے اسرائیلی وزیراعظم سے اچھی گفتگو ہوئی، یوکرین جنگ بھی اب ختم ہونی چاہیے،میڈیا سے گفتگو
واشنگٹن (آئی این پی )نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ انکے منصب سنبھالنے تک اسرائیلی یرغمالی رہا نہ ہوئے تو قیامت ٹوٹے گی، غزہ جنگ کے بارے میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بہت اچھی گفتگو ہوئی جو ہو رہا ہے اس پر تبادلہ خیال کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک مرتبہ پھر سے دھمکی دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حماس کو کہہ چکا ہوں کہ اگر 20جنوری تک میرے صدارتی منصب سنبھالنے سے قبل اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو ایک قیامت ٹوٹ پڑے گی۔ نو منتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے صدارتی منصب سنبھالنے تک جنگ بندی کا معاہدہ نہیں ہوتا تو جو ہوگا قطعی خوشگوار نہیں ہوگا۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین جنگ روکنے کیلئے روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر سے بات کروں گا، یہ جنگ بھی اب ختم ہونی چاہیے، کشیدگی کا شکار سرزمین پر زیادہ تر علاقے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں اور انہیں بحال ہونے میں ایک صدی لگ جائے گی۔