گورنر پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات، انتخابی اصلاحات پر گفتگو

گورنر پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات، انتخابی اصلاحات پر گفتگو

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ملاقات کی جس میں انتخابات میں اصلاحات اور انتخابی عمل کو مزید مؤثر و شفاف بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انتخابی عمل کو مؤثر اور شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے فوری بعد قوم کی نظریں الیکشن کمیشن کے نتائج پر ہوتی ہیں، اس لیے شفافیت اور عوام کے اعتماد کو یقینی بنانا ضروری ہے۔سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی راستہ نہیں اور اسی نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ انتخابات شفاف اور منصفانہ طریقے سے منعقد ہوں۔

گورنر پنجاب نے یہ بھی زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی اور تسلسل پر یقین رکھتی ہے اور کہا کہ حقیقی تبدیلی صرف عوام ہی لا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مستحکم اور جمہوری نظام میں ہر فرد کا فعال کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات سے قبل ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔