راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، انتظامیہ ہائی الرٹ، فیلڈ عملہ کی چھٹیاں منسوخ

راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، انتظامیہ ہائی الرٹ، فیلڈ عملہ کی چھٹیاں منسوخ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل دوسرے روز بھی موسلادھار بارش جاری رہی، جس کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 8 فٹ اور گوالمنڈی میں 10 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔شمس آباد میں سب سے زیادہ 116 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقے خاص طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کے ہدایات پر، واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے علاوہ، واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات ہے تاکہ نکاسی آب کا نظام فعال رہے۔ ایم ڈی واسا خود فیلڈ میں موجود ہیں اور نکاسی آب کے آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے، جہاں پانی کا بہاؤ کٹاریاں کے مقام پر 10.5 فٹ اور گوالمنڈی میں 8.5 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں بارش کے ریکارڈ درج کیے گئے ہیں، جن میں سیدپور میں 03 ملی میٹر، گولڑہ میں 22 ملی میٹر، بوکرہ میں 59 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 47 ملی میٹر، شمس آباد میں 115 ملی میٹر، کچہری میں 26 ملی میٹر، پیرودھائی میں 72 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 59 ملی میٹر اور نیو کٹاریاں میں 64 ملی میٹر شامل ہیں۔واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں اور گٹروں میں کچرا نہ ڈالیں اور گٹروں کے ڈھکن نہ کھولیں تاکہ نکاسی آب کا نظام بلا تعطل جاری رہ سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔