لاہور(خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے سابق رہنما و رکن پنجاب اسمبلی اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما زعیم قادری انتقال کر گئے، زعیم قادری کو عارضہ قلب کے باعث تین روز قبل ڈیفنس کے نجی ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا اور گزشتہ روز علی الصبح وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق زعیم قادری کی نماز جنازہ 26 لارنس روڈ پر ادا کی گئی۔25 دسمبر 1964 کو لاہور میں پیدا ہونے والے زعیم قادری 2008 سے 2018 تک رکن پنجاب اسمبلی رہے، زعیم قادری وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مشیر بھی رہے اور انہوں نے بطور ترجمان پنجاب حکومت بھی ذمہ داریاں نبھائیں تاہم 2018 میں پارٹی اختلافات کے باعث وہ مسلم لیگ ن سے علیحدہ ہو گئے۔