ٹیکنالوجی اور مالی شمولیت کو یکجا کرنا وقت کی ضرورت ہے:عطاء تارڑ

حکومت کیش لیس اکانومی کے فروغ اور ٹیکنالوجی و مالیاتی خدمات کے انضمام کیلئے پرعزم ہے: وزیر اطلاعات
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء  اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مالی شمولیت پر یقین رکھتی ہے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیاتی خدمات تک عوام کی رسائی کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے جے ایس بینک کے زیر اہتمام Z-Wallet کے اجراء￿  کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مالی شمولیت کو یکجا کرنا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔عطاء  اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے، جو معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ٹیکنالوجی اور مالیاتی خدمات کے انضمام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں سرکاری شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملا۔