بانی کی ایک آنکھ تقریبا نارمل ہو چکی ، اب تک 84 ملاقاتیں کرائی گئی ہیں
دن میں تین مرتبہ کھانے پینے کی جانچ اور میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے: سپرنٹنڈنٹ جیل
اسلام آباد(آئی این پی )سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور جیل ملاقاتوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی۔بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں دو صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرا دی گئی، رپورٹ میں 24 صفحات پر مشتمل اخباری تراشے اور ڈاکٹروں کے ابتک چیک اپ ہسٹری کی تفصیل بھی شامل ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل کو باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک 84 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ کھانے پینے کی جانچ اور میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے، جبکہ متعدد سرکاری معالجین بھی ان کا معائنہ کر چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہرِ امراضِ چشم سے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا علاج بھی کرایا جاتا رہا ہے اور ایک آنکھ تقریبا نارمل ہو چکی ہے۔